google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ایف بی آر کی رواں مالی سال کیلئے سالانہ ٹیکس وصولی ہدف میں کمی - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

ایف بی آر کی رواں مالی سال کیلئے سالانہ ٹیکس وصولی ہدف میں کمی

 آئی ایم ایف کے معاہدے کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال 2024-25 کے لیے اپنے سالانہ ٹیکس وصولی کے ہدف کو 12970 ارب روپے سے کم کرکے 12913ارب روپے کر دیا ہے۔ 

آئی ایم ایف اور ایف بی آر نے جولائی 2024سے جون2025تک12913ارب روپے کے ٹیکس وصولی کے مطلوبہ ہدف کو پورا کرنے کے لیے ماہانہ اور سہ ماہی اہداف پر اتفاق کیا ہے۔ 

سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 2642ارب روپے رکھا ہے جس کے تحت جولائی 2024کا ہدف 656 ارب روپے، اگست2024کیلئے898ارب روپے اور ستمبر 2024کیلئے 1098ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

 آئی ایم ایف کو قائل کیا گیا کیونکہ اخراجات معقول تھے۔ اس کے بعد ایف بی آر کا ہدف کم کر دیا گیا لیکن مجموعی مالیاتی خسارہ اور بنیادی سرپلس رواں مالی سال کے لیے بدستور برقرار رہا۔

 30جون 2024کو ختم ہونے والے گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر کی وصولی 9311ارب روپے رہی۔

 مبینہ طور پر کچھ ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں ایف بی آر نے گزشتہ جون 2024میں اپنی وصولی کو بڑھانے کیلئے ایڈوانس ٹیکس حاصل کیا۔ یہاں تک کہ نظرثانی شدہ ٹیکس وصولی کا ہدف 9252ارب روپے سے تجاوز کر گیا اور وصولی 9311ارب روپے رہی۔ 

اب آئی ایم ایف نے واضح کر دیا ہے کہ اگر طے شدہ سہ ماہی ہدف کو پورا نہیں کیا گیا تو رواں مالی سال کے دوران اضافی محصولات کے اقدامات کرنے کیلئے ہنگامی منصوبہ بنایا جائے۔

ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا ہے کہ وہ رواں مالی سال کے دوران ریٹیلرز سے 50ارب روپے وصول کرنے کی توقع کر رہا ہے۔ 

ایف بی آر نے تاجروں کو آن لائن انٹیگریشن پر راضی کرنے کیلئے میڈیا مہم کو حتمی شکل دے دی ہے جو آئندہ چند دنوں میں شروع ہونے والی تاجر دوست اسکیم کے لیے ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

حکومت و اپوزیشن میں آج مذاکرات

حکمران اتحاد اور اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی میں مذاکرات کا بریک تھرو آج ہونے …