وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے سے متعلق ٹیکس اسکیم کی منظوری دے دی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسکیم کا اطلاق رواں ماہ سے ہوگا اور اسکیم کے نفاذ کا نوٹی فکیشن آئندہ چند روز میں جاری کردیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ تاجروں سے مشاورت کے بعد اسکیم کو حتمی شکل دے کر وزیر خزانہ سے منظوری لی گئی، اسکیم کے تحت ریٹیلر کے ٹیکس کا تعین دکان کے کرایے، سرمایہ کی بنیاد پر ہوگا اور کم سے کم ٹیکس 1200 روپے سالانہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب ریٹیلرز پہلے ہی اس اسکیم میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ اسکیم کے تحت عارضی کھوکھوں کو ریٹیلر ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط پر ٹیکس نیٹ بڑھانے کے مشن کے تحت تقریبا 31 لاکھ ریٹیلرز کو نیٹ میں لانےکے لیے تاجر دوست اسکیم رواں سال یکم اپریل سے شروع ہوئی تھی۔
چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز کے علاوہ مینوفیکچررز کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز ر پر بھی اسکیم کا اطلاق ہوگا۔
تاجراور دکاندار موبائل ایپ یا فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کراسکیں گے، رجسٹریشن ٹیکس سہولت سینٹروں کے ذریعے بھی ہوسکے گی۔