محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، جنوب مشرقی سندھ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز ہوا چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کاامکان ہے، رات کو چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام/رات میں مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔
دیر، سوات،چترال، کوہستان، شانگلہ،بونیر، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ، صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ جنوبی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ژوب، بارکھان،موسیٰ خیل،لورالائی، شیرانی،کوہلو، جھل مگسی، خضدار اورلسبیلہ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، گھوٹکی اور گرد و نواح میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ا برآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 8 اور 9 محرم کو پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جلوسوں کی انتظامیہ موسمی شدت مدِنظر رکھ کر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے فاصلہ رکھیں۔
ترجمان کے مطابق خستہ حال چھتوں کے اوپر محافل کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی نے کہا کہ دریائوں، ندی اور نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کریں، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہاکہ 8 اور 9 محرم کو ریسکیو ادارے خاص طور پر الرٹ رہیں۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔