محکمہ موسمیات نے کراچی میں پیر 8 اور منگل 9 جولائی کو آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ہے جبکہ اتوار کو موسم گرم و مرطوب ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بحیرہ عرب سے مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں داخل ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں پیر اور منگل کو شہر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق مون سون سسٹم کے زیر اثر دیہی سندھ کے مختلف علاقوں گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ سمیت دیگر شہروں میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں اتوار کا دن گرم اور مرطوب ریکارڈ ہوا، اور اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد رہا،گزشتہ روز کے مقابلے میں سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہونے کے سبب دوپہر کے وقت اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی گئی۔