بھارتی ریپ گلوکار آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا عرف بادشاہ نے معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر کے ساتھ اپنی گہری دوستی سے متعلق وضاحت پیش کردی۔
بادشاہ نے حال ہی میں ہارون رشید کے پوڈکاسٹ میں ورچوئل شرکت کی جہاں اُنہوں نے پہلی بار پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
پوڈکاسٹ کے میزبان ہارون رشید نے بادشاہ کو ایک منٹ کا وقت دیا اور کہا کہ وہ اس ایک منٹ میں اداکارہ ہانیہ عامر اور اُن کے پراجیکٹس سے متعلق سوالات پوچھیں گے۔
میزبان نے کہا کہ اگر بادشاہ نے تمام سوالات کے جواب درست دیے تو یہ ثابت ہوجائے گا کہ وہ ہانیہ عامر کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں اور اُن کے بہت اچھے دوست ہیں۔
بادشاہ نے ہانیہ عامر سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ باصلاحیت اداکارہ ہیں، وہ اپنے ٹیلنٹ کی وجہ سے ہر کامیابی کی مستحق ہیں۔
بھارتی گلوکار نے ہانیہ عامر کے پراجیکٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے کیفی خلیل کے سُپر ہٹ گانے ‘کہانی سُنو’ کے ڈرامے میں کام کیا، اس کے علاوہ وہ ‘سنگِ ماہ’، ‘عشقیہ’ سمیت دیگر ہٹ پراجیکٹس میں بھی کام کرچکی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ نیٹ فلکس پر بھی ہانیہ عامر کی نئی سیریز ‘جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو’ آنے والی ہے جس میں اُن کے ہمراہ اداکار فواد خان بھی ہوں گے۔
بادشاہ نے یہ بھی بتایا کہ ہانیہ عامر نے دوست کی شادی پر ‘ناٹو ناٹو’ پر ڈانس کیا تھا جوکہ سوشل میڈیا پر بےحد وائرل بھی ہوا تھا۔
بھارتی گلوکار نے ایک منٹ میں ہانیہ عامر سے متعلق پوچھے گئے ہر سوال کا درست جواب دے کر ثابت کردیا کہ وہ ہانیہ عامر کی ہر حرکت پر نظر رکھتے ہیں اور اُن کے بہت بڑے مداح بھی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار بادشاہ کی دوستی کے خوب چرچے ہیں، یہ دونوں فنکار اکثر دبئی میں ملاقات کرتے ہیں جس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔