google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا پوسٹ مارٹم - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا پوسٹ مارٹم

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، جب کہ پی سی کے اندر معاملات بہتر کرنا بھی چیلنج ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے ورلڈکپ میں کارکردگی سے متعلق اپنی رپورٹ جمع کروادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈکوچ نے اپنی رپورٹ میں ٹی20 ورلڈکپ کی کارکردگی سے متعلق تفصیل سے بتایا ہے، جس کے مطابق ورلڈ کپ میں قومی ٹیم پریشر برداشت نہیں کرسکی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی پریشر برداشت نہیں کرسکتا،اس کی ٹیم میں جگہ نہیں ہے، خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خراب پرفارمنس کا جائزہ لینے کے لیے دونوں ہیڈ کوچز گیری کرسٹن،جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو پاکستان بلالیا، ان سے کپتان کی تبدیلی سمیت دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ کوئی بھی فیصلے جلد بازی میں نہیں کرتے کیوں کہ غصے اور جلد بازی میں کیے گئے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں اور وہ تمام فیصلے مشاورت سے کررہے ہیں، کسی کے دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں اور مزید تبدیلیاں بھی ہونے والی ہیں، مجھے آئے ہوئے 4 مہینے ہوئے ہیں ، یہاں بہت کچھ ٹھیک ہونے والا ہے، ہمارا سب سے بڑا ٹارکٹ یہ ہے کہ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کیسے بہتر کی جائے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شان مسعود کے حوالے سے اچھی رپورٹ ملی ہیں اور بابراعظم کو تبدیل کرنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے تمام کوچز اور سابقہ کرکٹرز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کے اندر لوگ دکھاتے کچھ ہیں اور گراؤنڈ میں حقیقت کچھ اور ہوتی ہے، سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے اور غلط سلیکشن کی اس کا احتساب ہوگا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی پر ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے گزشتہ روز رپورٹ جمع کروائی تھی جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوالات اٹھادیے، ہیڈ کوچ نے کئی کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب بھی قرار دیا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …