چیمپئنز آف لیجنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے یونس خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کینگروز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ماضی کے سپر اسٹار سے سجے اس ٹورنامنٹ کا یہ میچ برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
آسٹریلیا لیجنڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
کینگروز کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹر ایرون فنچ تھے جنہوں نے 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
کیلم فرگوس 26، بین ڈک 27، ناتھن کالٹر 25 اور شان مارش نے 16 رنز بنائے۔
پاکستان لیجنڈز کی جانب سے شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سعید اجمل، وہاب ریاض اور سہیل تنویر کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے دو گیندیں قبل 5 وکٹوں پر191 رنز بنا کر میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔
پاکستان کے لیجنڈری بیٹسمین یونس خان سب سے نمایاں بیٹر تھے جنہوں نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، مصباح الحق نے 46 رنز بنائے، شعیب ملک 23، صہیب مقصود 21 اور شرجیل خان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بریٹ لی اور ناتھن کالٹر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
یونس خان کو بہترین اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔