مقبول اداکارہ زارا نور عباس کا کہنا ہےکہ بطور اداکار انہیں شوہر کے کسی بھی رومانوی منظر ہر غصہ نہیں آتا اور نہ ہی غصہ آنا چاہیے۔
ان کی خواہش ہے کہ ان کے شوہر اداکار اسد صدیقی اسکرین پر بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کے ساتھ رومانس کرتے دکھائی دیں۔
زارا نور عباس حال ہی میں نیو ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ذاتی زندگی سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ کئی سال تک ڈپریشن اور انزائٹی کا شکار رہی ہیں اور ان کی حالت اتنی خراب ہوجاتی تھی کہ وہ شوٹنگ کے دوران ہی باتھ روم میں جاکر دھاڑیں مار مار کر روتی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اصل خوشی والدہ بننے کے بعد ملی، اگرچہ انہیں پہلے کیریئر بنانے اور شادی کرنے پر بھی خوشی ہوئی تھی لیکن انہیں اصل خوشی بیٹی کی پیدائش کے بعد ہوئی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے شوہر اسد صدیقی کی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ ان سے اتنا پیار کرتے ہیں کہ ان کی خاطر خود تنگی برداشت کرلیتے ہیں لیکن انہیں کوئی دکھ نہیں دیتے۔
انہوں نے شرارتی انداز میں شوہر کی سگریٹ نوشی پر بھی بات کی اور کہا کہ مردوں کو سگریٹ نہیں پینے چاہیے، اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے۔
زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ اگر عورتوں کو حقیقی آزادی چاہیے تو انہیں مردوں کو بھی اپنے حقوق دینے پڑیں گے، مردوں پر بہت زیادہ دبائو ہوتا ہے، انہیں ہر چیز کی قربانی دینی پڑتی ہے اور دبائو کی وجہ سے مرد ہارٹ اٹیک کا بھی زیادہ شکار ہوتے ہیں۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ بطور اداکار انہیں شوہر کے کسی بھی رومانوی منظر ہر غصہ نہیں آتا اور نہ ہی غصہ آنا چاہیے۔
انہوں کہا کہ ان کے شوہر کو اپنی حدود کا احساس ہے، وہ کون ہوتی ہیں، انہیں ان کی حدود بتانے والیں۔
زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی صورت میں شوہر کے رومانوی مناظر پر برہم نہیں ہوں گی بلکہ ان کی تو خواہش ہے کہ ان کے شوہر اسکرین پر دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کےساتھ رومانس کرتے دکھائی دیں۔
انہوں نے شرارتی انداز میں کہا کہ جب ان کے شوہر دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کے ساتھ رومانوی مناظر شوٹ کروائیں گے تو وہ ہر کسی کو یہی کہتی پھریں گی کہ وہ دیکھیں ان کے شوہر کے سین وائرل ہوگئے۔
زارا نور عباس کی جانب سے شوہر کے دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کے ساتھ رومانوی مناظر کی بات کہنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔