کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان نے نئی خوبرو ماڈل کے ہمراہ ’بدو بدی‘ ٹو گانا ریلیز کرنے سمیت اپنے متعدد نئے منصوبوں کا اعلان کردیا۔
چاہت فتح علی خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو ریلیز کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ’بدو بدی‘ کو عید الفطر کی چاند رات کو ریلیز کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا۔
انہوں نے ’بدو بدی‘ کو پسند کرنے پر شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اب ان کے متعدد منصوبے سامنے آنے والے ہیں، جن میں ایک فلم بھی شامل ہے۔
چاہت فتح علی خان کے مطابق ’بدو بدی‘ سمیت دیگر گانوں کی کامیابی کے پیچھے ان کی ساڑھے 8 سال کی محنت شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے تفریح اور گلوکاری کو ساڑھے 8 سال قبل شروع کیا لیکن انہیں گلوکاری کرنے کا شوق شروع سے ہی تھا اور متعدد وجوہات کی وجہ سے وہ پہلے ایسا نہیں کر پائے تھے۔
چاہت فتح علی خان نے گانوں کو پسند کیے جانے پر پاکستانیوں سمیت بھارتیوں، بنگلہ دیشیوں اور نیپالیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جب کہ انہوں نے برطانوی شائقین کی محبتوں کا بھی اعتراف کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ساڑھے 8 سالہ گلوکاری کے کیریئر میں آخری دو سال کے اندر 35 گانے ریلیز کیے، جس میں 17 گانے سپر ہٹ ہوئے، انہیں بہت پسند کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے 6 مزید گانے تیار ہو رہے ہیں، جس میں وہ نئی اور نوجوان ماڈلز کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عید الاضحیٰ پر ان کی فلم سبق بھی ریلیز ہو رہی ہے جب کہ جلد ہی وہ ’بدو بدی‘ ٹو بھی ریلیز کریں گے۔
انہوں نے ویڈیو پیغام میں اپنے ساتھ کام کرنے والی تمام ماڈلز کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ متعدد ماڈلز ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں اور ان کے پاس ماڈلز کی لائن لگی ہوئی ہے۔