اسلام آباد میں مارگلہ کے جنگلوں میں 5 دن تک لگی رہنے والی آگ نے ہزاروں درختوں کو راکھ کر دیا۔
آگ کے باعث مارگلہ کی جنگلی حیات اور پرندوں کے ٹھکانے ختم ہو گئے، جب تک آگ بجھی کئی ایکڑ پر محیط جنگل چٹیل میدان اور راکھ کا ڈھیر بن گئے۔
اسی طرح آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے نکیال میں 145 ایکڑ پر محیط جنگل 80 فیصد تک جل کر راکھ ہو گیا۔
چیف کنزرویٹر جنگلات کے مطابق آگ جھاڑیوں سے لگی تھی جسے بجھا دیا گیا ہے۔
ادھر لوئر دیر کے اوسکئی کے جنگل میں لگی آگ پر 6 روز بعد قابو پا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کی وادیٔ سماہنی کے جنگلات میں لگی گی آگ پر قابو پا لیا گیا، آگ نے جنگل کے وسیع رقبے کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔
محکمۂ جنگلات کے مطابق وادیٔ سماہنی میں کئی روز سے جنگلات میں آگ لگنے کا سلسلہ جاری تھا، باعسر اور تونین بلاک کے جنگل میں اچانک لگنے والی آگ پھیل گئی تھی۔
مقامی لوگوں کے بھرپور تعاون سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آگ سے قیمتی لکڑی اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔