انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ میں ’وائس اسٹیٹس‘ کا دورانیہ 30 سیکنڈز سے بڑھا کر 60 سیکنڈز تک کردیا گیا۔
واٹس ایپ پر ’وائس اسٹیٹس‘ کے فیچر کو 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اسے صارفین کی جانب سے بہت سراہا گیا۔
’وائس اسٹیٹس‘ کو صارفین کی جانب سے زیادہ پسند کیے جانے کے بعد اب اس کے دورانیے کو بڑھا دیا گیا۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اب صارفین ایک منٹ طویل ’وائس نوٹ‘ کو اسٹیٹس کے طور پر شیئر کر سکتے ہیں۔
ابتدائی طور پر مذکورہ فیچر تک تمام افراد کو رسائی نہیں دی گئی اور بہت زیادہ لوگ ابھی تک 30 سیکنڈز تک کا وائس نوٹ ہی شیئر کر پا رہے ہیں لیکن جلد ہی تمام صارفین کو اس تک رسائی دے دی جائے گی۔
’وائس اسٹیٹس‘ کے دورانیے کو بڑھائے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ویڈیو اسٹیٹس کا دورانیہ بھی بڑھایا جائے گا۔
اس وقت واٹس ایپ پر ویڈیو اسٹیٹس کا دورانیہ بھی 30 سیکنڈز تک محدود ہے لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ اس کے دورانیے کو بڑھایا جائے گا لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
واٹس ایپ وائس نوٹ ریکارڈ کرنے اور اسے شیئر کرنے کے لیے صارفین کو اپ ڈیٹس ٹیب پر جانا ہوتا ہے۔
اپڈیٹ ٹیب پر جانے کے بعد اسٹیٹس ٹیب پر پینسل آئیکون پر کلک کرکے مائیک کے آئیکون کو دبا کر آڈیو ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔
ریکارڈنگ کے بعد اور نوٹ کو شیئر کرنے سے قبل صارف پلے بٹن کے ذریعے نوٹ کو سن بھی سکتے ہیں اور چاہیں تو اسے ڈیلیٹ کرکے نیا نوٹ بھی ریکارڈ کر سکتے ہیں۔
وائس نوٹ بھی دیگر اسٹیٹس کی طرح 24 گھنٹے بعد خود بخود غائب ہوجاتا ہے۔