ٹیلی کام آپریٹرز مینوئل طریقے سے نان فائلرز کی سمز کو بیچز میں بلاک کرنے پر رضا مند، ایف بی آر نے پانچ ہزار سمز کا پہلا بیچ ٹیلی کام آپریٹرز کو بھیج دیا‘
دیگر بیچز روزانہ بھیجے جائینگے‘نان فائلرز کو سمز بلاک کرنے سے خبردار کرنے کے لئے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیاگیا۔
سخت کوششوں کے بعد ایف بی آر اور ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کی سمز کو بیچز میں بلاک کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور جمعہ کو بلاک ہونے والی 5ہزارسمزکی پہلی کھیپ شیئر کردی۔
ابتدائی طور پر ایف بی آر نے 5 لاکھ سے زیادہ سمزکی نشاندہی کی اور ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ 15مئی 2024 تک ایک ہی بار میں ان سب کو بلاک کر دیں۔
اب دونوں فریقین نے اتفاق رائے پیدا کیا ہے کہ پہلے بیچ میں صرف5ہزارسمیں بلاک کی جائیں گی۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غور و فکر کے بعد ٹیلی کام آپریٹرز نے دستی بلاکنگ کے عمل کو چھوٹے بیچوں میں شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جب تک کہ ان کے سسٹم اسے خودکار کرنے کے لیے مکمل طور پر لیس نہ ہوجائیں۔
مزید برآں ٹیلی کام آپریٹرز نے بھی نان فائلرز کو اطلاع کے مقصد کے لیے سمز کو بلاک کرنے کے حوالے سے پیغامات بھیجنا شروع کر دیے ہیں۔