کراچی میں آج ہونے والا نویں جماعت کا پرچہ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا۔
کراچی میٹرک بورڈ کے امتحانات میں آج نویں جماعت کا کمپیوٹر سائنس کا پرچہ سوشل میڈیا کے ذریعے لیک ہوگیا۔ امتحان شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
اس حوالے سے ترجمان میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ اس وقت کچھ کہہ نہیں سکتے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والا پرچہ اصلی ہے یا نقلی۔
ناظمِ امتحانات نے بتایا کہ صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کے کمپیوٹر اسٹیڈیز سائنس گروپ کا پرچہ لیا جانا ہے۔ دوپہر کی شفٹ میں دسویں جماعت جنرل سائنس کے امتحانات لیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ کراچی بھر میں آج سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ امتحانات میں نویں اور دسویں جماعتوں کے 3 لاکھ 68 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کریں گے جس کے لیے 504 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کے مطابق امتحانات کے دوران سینٹرز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے اور امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں بند رہیں گی۔