پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے معروف بھارتی میوزک ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ کام کرنے کا اعلان کردیا۔
مہوش حیات نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی نئی تصویر پوسٹ کی جس میں اُن کے ہمراہ بھارتی میوزک ریپر ہنی سنگھ اور راؤ علی خان موجود ہیں۔
اداکارہ نے ہنی سنگھ کے ساتھ شیئر کی گئی اپنی مشترکہ پوسٹ میں کہا کہ میں نے اپنے دیسی کلاکار کے ساتھ نئے ٹریک ‘کِلر’ کے لیے تعاون کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں گانے کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم، یہ ضرور بتایا کہ اُن کا یہ گانا بہت جلد ریلیز ہونے والا ہے۔
یو یو ہنی سنگھ اور مہوش حیات کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت بھارتی مداحوں کی جانب سے اُن کے نئے گانے کے لیے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کی شروعات میں بھی مہوش حیات نے بھارتی میوزک ریپر سے ملاقات کی تھی جس کی تصویر ہنی سنگھ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کی تھی۔
اس موقع پر ہنی سنگھ کا کہنا تھا کہ مہوش حیات زندہ دل خاتون ہیں، مجھے ان سے ملاقات کرکے بہت خوش ہوئی۔