پاکستانی اداکار زارا نور عباس اور اسد صدیقی نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کردیا۔
زارا نور عباس اور اسد صدیقی نے انسٹاگرام ایک اینیمیٹڈ کارڈ کی پوسٹ شئیر کی جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے اور ساتھ ہی بچی کا نام بھی رکھ لیا۔
کارڈ میں لکھا کہ ’الحمدللہ، ہم بطور والدین اپنی بیٹی نورجہاں صدیقی کی پیدائش کا اعلان کرتے ہیں۔‘
جوڑے نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی، زارا نور عباس کی جانب سے خوشخبری کے اعلان کے بعد ساتھی اداکاروں نے مبارک باد کے پیغامات بھیجنا شروع کردیے۔
اداکارہ زارا نور عباس نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے مداحوں کو اپنے حاملہ ہونے کی خبر کی تصدیق کی تھی۔
اداکارہ نے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’راؤنڈ 2، انشااللہ‘ اور ساتھ ہی بچے اور فیملی کی تصویر بھی لگائی جس سے واضح ہوتا ہے کہ اداکارہ دوسری بار حمل سے ہیں۔
زارا نور عباس اور اداکار اسد صدیقی نے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کی خبریں ستمبر 2021 میں آئی تھیں مگر بعد ازاں یہ خبریں وائرل ہوئی تھیں کہ اداکارہ کا حمل ضائع ہوگیا۔
مگر اسد صدیقی نے ایک انٹرویو میں واضح کیا ان کی اہلیہ کا حمل ضائع نہیں ہوا تھا بلکہ بعض پیچیدگیوں کے باعث بچے کی قبل از وقت (6 ماہ کے) بچے کی پیدائش ہوئی تھی جو فوری طور پر انتقال کر گیا تھا جس کی تدفین انہوں نے اور ان کی شوہر نے خود کی تھی۔
زارا نور عباس اپنے پہلے بچے کے انتقال کے بعد ڈپریشن کا بھی شکار ہوئی تھیں، انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ بچے کی موت ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ لمحہ تھا اور وہ ابھی تک اس غم سے نہیں نکل سکیں جب کہ وہ کافی عرصے تک خود کو بچے کی موت کا ذمہ دار سمجھتی رہیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا تھا کہ دیگر خواتین کی طرح وہ بھی کافی عرصے تک یہی سوچتی رہی تھیں کہ اگر وہ اپنی خوراک کا درست خیال رکھتیں تو ان کا بچہ نہ مرتا۔