آئی ایم ایف کیپٹل گینز ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کا مطالبہ، کرپٹو کرنسیوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے، درج شدہ سیکیورٹیز کے سلیبس کے جائزہ کا بھی مطالبہ، کسی بھی مدت کے لیے اثاثے رکھنے کے بجائے تمام منافعوں پر ٹیکس کو یقینی بنایا جائے،
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے کرپٹو کرنسیوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے کیپٹل گینز ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اس نے رئیل اسٹیٹ کے ساتھ ساتھ درج شدہ سیکیورٹیز کے سلیبس کا بھی جائزہ لینے کے لیے کہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی بھی مدت کے لیے اثاثے رکھنے کے بجائے تمام منافعوں پر ٹیکس لگایا جائے۔
آئی ایم ایف نے ایف بی آر سے پراپرٹی ڈویلپرز کو پابند کرنے کے لیے بھی کہا ہے کہ وہ پراپرٹی ٹائٹلز کی تکمیل اور رجسٹریشن سے قبل تمام ٹرانسفرز کو ٹریک اور رپورٹ کریں۔
اگر کوئی پراپرٹی ڈویلپر اس کی تعمیل میں ناکام رہتا ہے تو کچھ جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔ اس سفارش کے ذریعے آئی ایم ایف نے ایف بی آر سے کہا ہے کہ وہ ہاؤسنگ اسکیموں میں مختلف پلاٹوں کی فائلوں کی خرید و فروخت کے بڑھتے ہوئے کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں لائے۔
آئی ایم ایف کی یہ سفارشات توسیعی فنڈ سہولت کے تحت آئندہ بیل آؤٹ پیکج کا حصہ بن سکتی ہیں اور ایف بی آر فنانس بل کے ذریعے اسے 2024-25کے اگلے بجٹ کا حصہ بنانے کا پابند ہو سکتا ہے۔