سابق انگلش کرکٹر اور ملتان سلطانز کے موجودہ اسپن باؤلنگ کوچ ایلکس ہارٹلی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے دیگر کھلاڑیوں کو دیکھتے ہوئے روزے رکھنے شروع کردیے ہیں۔
ایلکس ہارٹلی نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کی ٹیم ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں کے ساتھ رمضان المبارک کے دوران روزہ رکھ رہی ہیں۔
رمضان کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ایلکس ہارٹلی نے خود روزہ رکھنے کا تجربہ کیا۔
انہوں نے بی بی سی فائیو لائیو اسپورٹ کو بتایا کہ ’رمضان المبارک کا مہینہ ہے اور تمام کھلاڑی روزے رکھ ہیں، ، میں محسوس کرنا چاہتی ہوں کہ یہ لوگ روزے رکھ کر شام میں کرکٹ کیسے کھیلتے ہیں۔‘
ایلکس ہارٹلی نے روزے رکھنے کے دوران اپنے دن بھر کی روٹین شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ روزے کی حالت میں انہیں کن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے پورا دن روزہ رکھنے کے بعد کچھ دیر قبل افطاری کی ہے، کچھ کھجوریں اور سلاد کھائیں، ہم صبح 4 بجےکھانا کھاتے ہیں اور اس کے بعد پورا دن بھوکا رہتے ہیں، شام 6 بجکر 40 منٹ تک کچھ نہیں کھاتے، یہ واقعی بہت مشکل ہے، بہت چیلنجنگ ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ صبح 4 بجے سوجاتی ہیں اور چونکہ کھیل رات 9 بجے شروع ہوتا ہے تو وہ دن بھر سوتی رہتی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں 18 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لگاتار تیسرا فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز سے ہو گا۔