بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی اپنے ہمشکل سے ملاقات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے حال ہی میں ممبئی میں اپنی فلم کی شوٹنگ کے سیٹ پر اپنے ہمشکل سے ملاقات کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
ویڈیو میں امیتابھ بچن کا ہمشکل اُن کے پاس آتا ہے اور اداکار سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے اُن کے پاؤں چُھوتا ہے، پھر امیتابھ بچن کو دیکھ کر ہاتھ جوڑتا ہے اور اُن کے ساتھ تصویر بنواتا ہے۔
امیتابھ بچن کے ہمشکل کا نام ششی کانت پیڈوال ہے، اُنہوں نے اداکار سے ملاقات کی ویڈیو اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے بتایا کہ آج میرے 20 لاکھ فالوورز ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین پاؤں چُھونے پر امیتابھ بچن اور اُن کے ہمشکل کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ اداکار میں تکبر اور غرور ہے، وہ سامنے والے کو اپنے سے کمتر سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن آخری بار ٹائیگر شروف کی فلم ‘گنپتھ’ میں نظر آئے تھے، اب وہ بہت جلد اپنی نئی فلم ‘کالکی 2898 اے ڈی’ میں جلوہ گر ہوں گے۔