آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک میں ایل پی جی مالیکیولز کا وافر ذخیرہ موجود ہونے کے با وجود ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کا نوٹس لے لیا ۔
اوگرا کی ابتدائی تحقیق کے بعد یہ واضح ہوا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی بنیادی وجہ ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی ہے جس میں چند بددیانت عناصر مصنوعی قلت پیدا کر کے صارفین تک اس کی رسائی مشکل بنا رہےہیں اور اوگرا کی جانب سےتجویز کردہ ایل پی جی قیمتوں کے بجائے زائد قیمت پر فروخت کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
اوگرا نے اس معاملے میں ،صوبائی چیف سیکرٹریز کو صورتحال سے سےآگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقامی حکومتوں کو ہدایات جاری کریں کہ ان غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لا ئیں اور صارفین کو اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔
اسی تناظر میں اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں پہلے ہی ملک میں ایل پی جی کے مناسب اسٹاک کی موجودگی اور اسکی مقرر ہ قیمتوں کے اطلاق کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں۔
مزید برآں، وزارت توانائی، پیٹرولیم ڈویژن نے بھی مناسب کارروائیوں کے لیے چیف سیکریٹریز کو خطوط جاری کر دیئے ہیں۔