پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 9) میں آج کھیلے جانے والے میچ ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے، کپتان محمد رضوان 69 اور جانسن چارلس 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ عثمان خان نے 21 اور افتخار احمد نے 20 رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے 2، محمد وسیم اور اسپنر ابرار احمد نے ایک، ایک شکار کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 106 رنز پر آؤٹ ہوگئی، عمیر یوسف 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور ڈیوڈ ولی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ عباس آفریدی نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی، ایونٹ کے پلے آف مرحلے کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔
ملتان اور پشاور کوالیفائر کھیلیں گے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ ایلی منیٹر میں مدمقابل ہوں گے۔