بھارتی پنجابی اداکارہ سونم باجوہ نے ایک بار پھر پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاکستان میں بہت سارے دوست ہیں۔
اداکارہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پنجاب زبان کی ویڈیو میں انہیں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے پنجابی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل بہت کرتا ہے کہ وہ پاکستان جائیں کیوں کہ ان کے بہت سارے دوست وہاں ہیں۔
سونم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک بار ضرور پاکستان جائیں اور انہیں امید ہے کہ ان کی خواہش پوری ہوگی۔
بھارتی اداکارہ نے محبتیں دینے اور پسند کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کی مشکور ہیں جو انہیں پسند کرتے ہیں۔
سونم باجوہ نے امید ظاہر کی کہ ان کا خواب پورا ہوگا اور وہ ایک دن پاکستان جائیں گی، جہاں وہ کرتارپور بھی جائیں گی۔
اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ حال ہی میں انہیں پاکستانی اداکار احسن خان کے ہمراہ پاکستانی کلاتھنگ برانڈز کی تشہیر میں دیکھا گیا تھا۔
مذکورہ ویڈیو سے قبل بھی سونم باجوہ متعدد بار پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر چکی ہیں اور وہ فواد علی خان کو اپنا پسندیدہ اداکار جب کہ سجل علی کو پسندیدہ اداکارہ قرار دے چکی ہیں۔