google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پی ٹی آئی کے متعدد رہنما و کارکنان گرفتار - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

پی ٹی آئی کے متعدد رہنما و کارکنان گرفتار

لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سردار لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجا سمیت متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے دونوں رہنماؤں کو لاہور سے گرفتار کیا۔ لطیف کھوسہ کے بیٹے نے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے والد کو لاہور سے پولیس نے گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج سے قبل ہی پولیس نے صدر گول چکر سے والد لطیف کھوسہ کو گرفتار کیا۔

اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا کو بھی لاہور سے گرفتار کر لیا۔

سلمان اکرم راجا کو پولیس نے اچھرہ مین روڈ پراحتجاج کے دوران گرفتار کیا۔

اسی طرح تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے 3 اراکین پنجاب اسمبلی کو کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا۔

جن اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا گیا ان میں بیرسٹر طیب راشد سندھو، اویس عمر ورک اور سرفراز احمد ڈوگر شامل ہیں۔

یہ اراکین انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف لاہور میں شیڈول احتجاج میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

ایم پی ایز کو کارکنوں سمیت سگیاں پل پر گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے آٹھ کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔

پولیس نے لاہور کے جی پی او چوک تحریک انصاف کے آٹھ کارکنوں کو گرفتار کیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے رہنماؤں سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ سمیت کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے بیان میں گرفتاریوں کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت خوفزدہ ہے، مریم نواز کو سادہ احتجاج کرنے والوں کی گرفتاری کے رویے کو فوری طور پر ترک کرنا چاہیے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کراچی میں بھی ریلیاں نکال کر احتجاج کیا گیا۔

کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گرومندر چورنگی پر احتجاج کیا اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف نعرے بازی کی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی، ہم مینڈیٹ چوروں کو نہیں مانتے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان نے کہا کہ ایک دن عدالت ضرور لگے گی اور مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو حساب دینا ہوگا، ہم قانونی جنگ لڑیں گے اور چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شرکت کی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …