google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 شہباز شریف فارم 47 کی پیداوار ہیں - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

شہباز شریف فارم 47 کی پیداوار ہیں

وزیراعظم کا الیکشن غیرقانونی ہے، عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا الیکشن غیرقانونی ہے، شہباز شریف فارم 47 کی پیداوار ہیں۔

فارم 45 کے مطابق رکن اسمبلی آتے تو ہمارے 180 اراکین ہوتے۔ حکمران اتحاد کے چہرے دیکھ لیں اترے ہوئے ہیں، آپ کو ان کے چہروں سے ڈر اور خوف نظر آئے گا۔ 

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور میں نے اس ہاؤس میں نقطہ اٹھایا کہ یہ ہاؤس مکمل نہیں، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر اور آج وزیراعظم کا الیکشن غیرقانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن ہوتے وقت ہم نے اپنی مخصوص نشستوں کا مطالبہ کیا، اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے الیکشن روکنے سے انکار کیا۔

انکا کہنا تھا کہ آج ہم پھر کہتے ہیں کہ شہباز شریف فارم 47 کی پیداوار ہیں، شہباز شریف پر ہم نے کاغذات نامزدگی میں اعتراض کیا تھا مگر مسترد کردیا گیا۔ فارم 45 کے ایم این اے آتے تو آج ہماری تعداد 180 ہوتی۔

عمر ایوب نے کہا کہ حکمران اتحاد کے چہرے دیکھ لیں اترے ہوئے ہیں، آپ کو ان کے چہروں سے ڈر اور خوف نظر آئے گا، انہیں معلوم ہے کہ ان کے پاس جو مینڈیٹ ہے وہ چوری شدہ ہے۔ حکمران اتحاد ایسے لگتا ہے جیسے جنازے پر آئے ہوئے ہوں۔ یہ حکومت پی ڈی ایم کی حکومت کا تسلسل ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ یہاں ایک ملک اور دو قانون ہیں۔ نواز شریف کو ایئرپورٹ پر بائیو میٹرک کی سہولت فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے تھے ہماری بات ہوگئی ہے، بھائی کس سے بات ہوگئی؟ اصل طاقت عوام کی طاقت ہے۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت مضبوط ہو۔

خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے ڈپٹی اسپیکر سے رولنگ مانگ لی، انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم کی تقریر لائیو گئی، میری تقریر بھی لائیو جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ نے ہم سے ہمارا انتخابی نشان چھین لیا مگر ہم کھڑے رہے، آپ نے ہمیں جلسہ جلوس اور انتخابی مہم نہ چلانے دی، آپ نے ہمارے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کروائے، پاکستان کے عوام کو سلام ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے نشان ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ دیا۔

ہمارے محبوب قائد کو گرفتار کیا گیا مگر ہم کھڑے رہے، انہوں نے ہمارے گھروں پر ریڈ کیے، ہماری خواتین کو ہراساں کیا۔ بشریٰ بی بی سمیت ہماری سیاسی قیدی خواتین کو رہا کیا جائے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی حکومت فاشسٹ حکومت تھی۔ بتایا جائے ارشد شریف اور ظلِ شاہ کا قاتل کون ہے؟ میں پی ٹی آئی کے شہدا کے نام پیش کر رہا ہوں بتائیں ان کا قاتل کون ہے؟

انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی پر غیر جانبدارانہ عدالتی انکوائری کی جائے، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس کی فوٹیج موجود ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں ہمارے 10 ہزار ورکرز کو گرفتار کیا گیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ ایک طرف تو یہ کہتے ہیں ہم جمہوری ہیں، کل ہم نے پورے ملک میں پُرامن مظاہرے کیے، ہمارے 80 سے زائد ورکرز کو گرفتار کیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے ہمیشہ کہا کہ مسلح افواج کےلیے جان بھی حاضر ہے، جب سپریم کورٹ پر حملہ ہوا کیا وہ بھارت کا سپریم کورٹ تھا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے واضح کیا کہ کروڑوں روپے لے کر جتوایا گیا، ان حکمرانوں کے بیٹے باہر بیٹھے ہیں ہمارے بیٹے یہاں دھرتی کی حفاظت کےلیے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ ہر چیز یاد رکھتی ہے ہم کچھ نہیں بھول سکتے، شہباز شریف کی تقریر میں مسائل تھے ان کا حل نہیں تھا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی فلسطین میں نسل کشی کی مذمت کرتے ہیں، ہم فلسطین پر قرارداد لائیں گے۔

 اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے گھڑی چور کے نعرے لگائے۔ مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین وزیراعظم شہباز شریف اور عمر ایوب کی ڈائس کے سامنے آگئے۔ دونوں جماعتوں کے اراکین نے ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت ایوان سے چلی گئی، بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت ایوان میں موجود رہی۔ 

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …