بارشوں کے باعث ایم 2 موٹروے، قراقرم ہائی وے سمیت متعدد رابطہ سڑکیں بند
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے 17 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوگئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق چھتیں گرنے متعد واقعات میں جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے بھی شامل ہیں جبکہ ملبے تلے دب کر متعدد جانور بھی ہلاک ہوئے۔
لوئردیر میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر میاں بیوی اور بچہ جاں بحق اور ایک بچی شدید زخمی ہوگئی۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
ملاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں تیزبارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں کمسن بچی سمیت جاں بحق ہوگئی، دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب تحصیل بائزئی میں مکان کی چھت گرنے سے تین خواتین زخمی ہوئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
باجوڑ کے علاقے غاخی کنڈؤ ماموند میں کچے مکان کی چھت گرنے سے3 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ مردان میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔
خیبر کے علاقے باڑہ کمرخیل نیوآٹاری میں گھر کی چھت گرگئی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ ضلع خیبر میں آج تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ لینڈ سلائیڈنگ سے مظفرآباد مانسہرہ روڈ، پیر چناسی میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ گلیات میں بھی برف باری اوربارش کے باعث دہیات کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی۔
دیر میں برف پڑنے سے لواری ٹنل ٹریفک کےلئے بند کردی گئی۔ چمن میں کوژک ٹاپ پر برفباری کےباعث قومی شاہراہ بڑی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی۔ پشین اور قلات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث برف میں پھنسے محصور سیاح کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دوروزصوبے میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث موٹروے، قراقرم ہائی وے سمیت متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے متعدد شہروں میں طوفانی بارشوں کے بارشوں کے باعث سڑکیں بند ہونے سے نظام زندگی متاثر ہوگئی۔
غیرمعمولی موسمی صورتحال کے باعث کلرکہار سے بلکسرتک موٹروے ایم 2 مکمل طور پر بند کردی گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے اچانک آنے سے حد نگاہ صفرہوگئی۔
گلگت میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہِ قراقرم بند ہوگئی، قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ متعدد مقامات پر لوگ پھنس گئے۔
آزادکشمیر میں تیسرے روز بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ہجیرہ میں چٹانیں گرنے سے سڑک بند ہوگئیں۔ سڑکوں کی بندش سے بجلی اور مواصلات کا نظام متاثر ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔