
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا آفیشل اینتھم ریلیز کردیا گیا علی ظفر، ابرارالحق، نتاشا بیگ اور طلحہ انجم کی آوازوں میں ریلیز کردہ اس ترانے پر شائقین کرکٹ نے ملا جلا رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
پی ایس ایل 10 کا آفیشل اینتھم ریلیز کردیا گیا جسے شائقین کرکٹ کی جانب سے وہ پذیرائی نہیں ملی جس کی توقع کی جارہی تھی۔
مداحوں کی جانب سے پی ایس ایل 10 کے اینتھم کو بہت زیادہ پسند نہیں کیا گیا جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا پر اپنے کمنٹس کی صورت میں کررہے ہیں جب کہ یوٹیوب پر بھی گانے کو بہت زیادہ ویوز نہیں ملے۔
زیادہ تر شائقین کرکٹ نے پی ایس ایل 10 کے اینتھم کا گلوکار علی ظفر کے ماضی میں گائے ہوئے گانوں سے کرتے ہوئے کہا ’اس بار وہ مزہ نہیں آیا اور علی ظفر اس بار اپنے گائے ہوئے گانے سے بہتر نہیں کرسکے‘۔
یاد رہے کہ علی ظفر پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن سے لے کر اب تک متعدد ایڈیشن کے اینتھم گاچکے ہیں۔
علی ظفر نے 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘، 2017 میں ’اب کھیل جمے گا‘، اور 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ کے اینتھم گائے تھے۔
تاہم، 2019 میں فواد خان اور ینگ دیسی نے ملکر اینھتم گایا اور 2020 میں پی سی بی نے علی عظمت، ہارون، عاصم اظہر اور عارف لوہار کو موقع دیا جب کہ 2021گلوکارہ آئمہ بیگ، نصیبو لال اور ینگ اسٹنرز نے ایک نئے انداز میں اینھتم گیا۔
2022 میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ، 2023 میں عاصم اظہر، شائے گل اور فارس شفیع کو موقع دیا گیا تاہم 2024 کے ایڈیشن میں ایک بار پھر علی ظفر کی واپسی ہوئی جنہوں نے آئمہ بیگ کے ساتھ ملکر ’کھل کر کھیل‘ گایا۔
متعدد صارفین نے اینتھم کے ٹائٹل ’ایکس دیکھو‘ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایکس چلےگا تو دیکھیں گے نہ،
ایک اور صارف نے لکھا ’یہ کرکٹ لیگ کا اینتھم ہے یا پھر بالی وڈ فلم باہو بلی تھری کا گانا ؟
حفیظ فین گرل نامی اکاؤنٹ سے لکھا گیا ’پی ایس ایل اینتھم کم اور شادی کا گانا زیادہ لگ رہا ہے‘ ۔
قاضی نامی اکاؤنٹ سے کمنٹ کیا گیا ’کیا پاکستان میں کوئی اور آرٹسٹ نہیں ہے، یہ بالی وڈ انداز میں گانے بہت ہوگئے‘۔
غالب نامی اکاؤنٹ سے کہا گیا ’پتا نہیں دنیا آج کل سستے لوگوں اور کانٹینٹ کو کیوں پسند کرنے لگی ہے‘۔
محمد حسین نامی صارف نے کہا ’پی ایس ایل اینتھم کو شروع میں پسند نہیں کیا جاتا لیکن وقت کے ساتھ سب کو اچھا لگنا شروع ہوجاتا ہے، یقین کریں یہ بہت اچھا ہے‘ ۔
کمنٹس میں صارفین نے اپنے اپنے پسندیدہ گلوکاروں کی بھی تعریف کی ’کسی نے علی ظفر اور ابرار الحق کو اچھا کہا تو کسی نے کہا کہ صرف طلحہ انجم کا پارٹ اچھا تھا‘۔
سدھو نامی اکاؤنٹ سے لکھا گیا ’اس دفعہ اچھا ہے لیکن جن کو گھر میں بھی کوئی نہیں پوچھتا وہ بھی کمنٹ کرکے بولیں گے کہ گھٹیا اینتھم‘۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا اور 18 مئی تک ملک کے 4 بڑے شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے۔