google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں 27 دن بعد بحال - UrduLead
بدھ , مارچ 19 2025

طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں 27 دن بعد بحال

پاک افغان طورخم بارڈر کھول دیا گیا جس کے بعد بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں 27 دن بعد بحال ہوگئیں۔

پاکستان اور افغانستان کے جرگے کے ارکان کے درمیان طویل عرصے سے جاری مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد طورخم بارڈر کراسنگ کو 27 دن بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر فلیگ میٹنگ میں تجارت بحالی کا فیصلہ ہوا جس کے بعد 27 دن کی بندش کے بعد تجارت کے لیے سرحد کھول دی گئی۔

علاوہ ازیں، پیدل آمدورفت 2 دن بعد بحال ہو جائے گی، امیگریشن کا عملہ اس وقت بھی موجود ہے لیکن اسکینر خرابی کے باعث مسافروں کی آمدورفت معطل رہے گی، اسکینر پر مرمتی کام ہوگا ٹیکنیکل خرابی دور ہونے کے بعد مسافروں کو جمعہ کے دن اجازت دی جائے گی۔

پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ضیاالحق سرحدی کا کہنا تھا کہ دونوں جانب تقریبا 5 ہزار کمرشل ٹرک پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے دونوں اطراف کے تاجروں کو کروڑوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

پاکستانی جرگے کے سربراہ سید جواد حسین کاظمی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ سرحد کھولنے کا فیصلہ بدھ کے روز طورخم میں ایک فلیگ میٹنگ میں کیا گیا، فلیگ میٹنگ میں افغان وفد کی نمائندگی ڈپٹی گورنر مولوی عزیز اللہ اور کمشنر مولوی حکمت اللہ نے کی۔

جواد حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے فائرنگ سے تباہ ہونے والے پاکستانی کسٹم انفراسٹرکچر کی مرمت کے بعد سرحد اب کارگو گاڑیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں، 15 اپریل تک فوری جنگ بندی پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، دونوں فریقین نے متنازع چیک پوسٹوں کی تعمیر روکنے پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب، افغانستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بختر نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بارڈر کو گاڑیوں اور مریضوں کے لیے کھول دیا گیا ہے جب کہ پیدل چلنے والوں کو جمعہ کو اجازت دی جائے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پی اے سی کا محسن نقوی اور چیمپئینز ٹرافی کے اخراجات کی تفصیلات طلب

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے آئندہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے