
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں طلب کرلیا گیا، جس میں اہم فیصلوں کی منظوری کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی اجلاس میں گوادر پورٹ سے پوٹاشیم سلفیٹ کی برآمد کی منظوری، ریکو ڈک پروجیکٹ کی سکیورٹی چارجز کی ادائیگی کے لیے ایک ارب 79 کروڑ روپے کی بھی منظور ی سمیت دیگر اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے 25 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری بھی زیر غور آئے گی۔ علاوہ ازیں سمیڈا کو فنڈز کی فراہمی کی منظوری کا بھی امکان ہے۔
ای سی سی اجلاس میں سندھ رینجرز کے ہیلی کاپٹرز کی مرمت کے لیے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ بھی زیر بحث آئے گی۔
اسی طرح ایف سی بلوچستان کو ہیلی کاپٹرز کے پرزہ جات کی خریداری کے لیے ایک کروڑ 54 لاکھ روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ کی منظوری کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایس ڈی جیز کے پروگرام کے تحت 2024-25 کے لیے فنڈز کے اجرا پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے ریٹس میں کمی کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔ پاور ڈویژن کی جانب سے نیٹ میٹرنگ ریٹس کا معاملہ اجلاس میں اٹھائے جانے کا امکان ہے۔