
سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کو برطانوی دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر ڈانس کرنے کی ویڈیو شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
اداکارہ نے 10 مارچ کو انسٹاگرام پر اپنی ڈانس ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں لندن کی سڑک پر گلوکاری کرنے والے شخص کے سامنے دیگر خواتین کے ساتھ رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے ویڈیو کو رمضان المبارک میں شیئر کیا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو پرانی ہے یا نئی ؟
حنا خواجہ بیات کی جانب سے بھارتی گانے پر ڈانس کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جب کہ سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا۔
اداکارہ کی ڈانس ویڈیو پر شوبز شخصیات نے بھی تبصرے کرتے ہوئے ان کے ڈانس کی تعریفیں کیں۔
حنا خواجہ بیات کی ڈانس کی تعریفیں کرنے والی شوبز شخصیات میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں۔
جہاں شوبز شخصیات نے ان کی ڈانس پرفارمنس کی تعریفیں کیں، وہیں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں عمر کے طعنے دینے سمیت رمضان المبارک میں ڈانس کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
کچھ افراد نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ وہ پاکستان میں بیٹھ کر دوسری اداکاراؤں کے فیشن اور لباس پر تنقید کرتی ہیں اور اب خود رمضان المبارک میں عوامی مقامات پر ڈانس کر رہی ہیں۔
حنا خواجہ بیات نے بھی اپنی ڈانس کی تعریفیں کرنے والے افراد کے جوابات دیے اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا، تاہم انہوں نے منفی تبصرے کرنے والوں اور آڑے ہاتھوں لینے والوں کو کوئی جواب نہیں دیا۔