
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 10 کے شیڈول کا اعلان کردیا، ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آغاز 11 اپریل کو ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم افتتاحی میچ سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو ہونے والے فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
کراچی اور ملتان 5،5 میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ پشاور میں 8 اپریل کو نمائشی میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو افسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ایک دہائی کے دوران ایچ بی ایل پی ایس ایل عالمی سطح پر تسلیم شدہ ٹورنامنٹ بن گیا ہے، ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پشاور میں نمائشی میچ کی میزبانی پر خوشی ہے۔
یاد رہے کہ ی ایس ایل 10 کی ڈرافٹ کی تقریب گزشتہ ماہ 13 جنوری کو شاہی قلعہ لاہور کے حضوری باغ میں ہوئی تھی۔
پاکستان سپر لیگ 10 کی ڈرافٹنگ کا آغاز ایونٹ کی سب سے بڑی کیٹیگری ’پلاٹینیم‘ سے ہوا تھا جس میں قانوناً پہلا کھلاڑی منتخب کرنے کا حق لاہور قلندرز کے پاس تھا اور دوسرا کھلاڑی منتخب کرنے کا حق کراچی کنگز کے پاس تھا۔