ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے الیکشن کو نہیں مانتے: رانا آفتاب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آگنائرز اور سینئر نائب صدر مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد مریم نواز نے 220 ووٹ لے کر ملک کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کااعزاز حاصل کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ مریم نواز نے 220ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امید وار آفتاب احمد نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔
اپنے انتخاب کے بعد ایوان میں اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے مشکلات پھر کامیابیوں سے گزارتا ہے، امیدہے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر جمہوری عمل کو برقرار رکھیں گے، افسوس ہوا کہ اپوزیشن ارکان موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ اپوزیشن کے فاضل ارکان یہاں موجود نہیں ہیں، اپوزیشن ارکان کو جمہوری عمل مین شامل ہوناچاہیے تھا، اپوزیشن میری تقریر کے دوران احتجاج کرتی تو مجھے خوشی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا، تمام مشکلات کے باوجود میدان نہیں چھوڑا، ایوان جمہوریت کا پرچم سربلند رکھے گا، مقابلہ جمہوریت کاحسن ہے، ہم نے کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔
مریم نواز نے کہا جس نے ووٹ دیا اور جس نے نہ دیا سب کی وزیراعلیٰ ہوں، میں اپوزیشن سمیت سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، میرے دل، چیمبر کے دروازے اپوزیشن ارکان کےلیے بھی ہر وقت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام رہنماؤں اور کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، میرا وزیراعلیٰ منتخب ہونا تمام خواتین کےلیے اعزاز ہے، میرے دل میں کسی کےلیے انتقام، بدلے کاجذبہ نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اللہ نے مجھے اس کرسی پر بیٹھنے کا موقع دیا جس پر نوازشریف جیسے عظیم لیڈر بیٹھے تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک مشکل مرحلےسے گزر کر یہاں پہنچے، اپنے مخالفین کی شکرگزار ہوں، امتحانات، مشکلات سے نہ گزرتی تو یہاں تک نہ پہنچتی۔
مریم نواز نے کہا کہ کسی صورت تہذیب اور اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے، نوازشریف کو پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے منشور پر آج سے عمل ہوگا، حلف اٹھانے کے بعد آج سے اس پر جنگی بنیادوں پر عمل شروع کروں گی، میرا کام پنجاب میں پالیسی بنانا ہے۔
اپنے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے نگہبان کے نام سے رمضان پیکج کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ 75 لاکھ سے زائد پیکٹس مستحقین کو گھروں پر فراہم کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ رمضان المبارک میں سستے رمضان بازار لگائیں گے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کےآج سے اجلاس شروع ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بچہ پڑھنا چاہتا ہے تو اعلیٰ تعلیم کے لیے میرٹ پر وسائل دیں گے، 60 ہزار روپے سےکم آمدن والے مستحقین ہیں، ان کی مدد ہم پر فرض ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چاہتی ہوں بچے اپنے گھر سے کاروبار شروع کریں، اسٹارٹ اپ بزنس کےلیے مالی معاونت کریں گے، ابھی ہمارے پاس تمام مستحقین کا ڈیٹا نہیں، فراہم کرنے کا کہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ طلبا، نوجوانوں کو ای بائیک دیں گے، نوجوانوں کو سود سے پاک قرضے اور ٹریننگ دیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور ٹیبلٹس دیں گے، نہیں چاہتی پنجاب کا کوئی بچہ اسکول سے باہر ہو، نوجوانوں اور طلبا کے لیے انٹرن شپ پروگرام لائیں گے پولیس اور دیگر اداروں کو انٹرن شپ پروگرام کے لیے کہا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قوم کے نوجوانوں بچوں، بچیوں، بیٹے بیٹیوں کو کہتی ہوں کہ اپنے والدین کی عزت کریں، ان کی زندگی میں ان کی قدر کریں کیونکہ والدین کی دعائیں انسان کو وہاں تک پہنچا دیتی ہیں جن کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں فوری ریلیف آسان نہیں ہے لیکن ہم نے اس سلسلے میں منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، بجلی کے چھوٹے صارفین کو قسطوں پر سولر پینل دینے کا منصوبہ زیر غور ہے۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں فری وائی فائی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں5سال میں 5 آئی ٹی سٹی بنا کر جاؤں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو قسطوں پر سولر پینل دینے کے منصوبے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل سے نہیں بلکہ حلف اٹھانے کے بعد سیدھا آج سے ہی میں اپنے دفتر جاؤں گی اور منشور پر عمل درآمد کا آغاز ہوجائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ تمام وزارتوں کی کارکردگی کا اسکور کارڈ عوام کےسامنے رکھوں گی، بہتر پنجاب کے لیے مجھے سب کی مدد درکار ہوگی، 5 سال بعد ایک بہت بہتر پنجاب عوام کو دیکر جائیں گے۔