google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقہ کا افغانستان کو جیت کیلئے 316 رنز کا ہدف - UrduLead
بدھ , مارچ 12 2025

چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقہ کا افغانستان کو جیت کیلئے 316 رنز کا ہدف

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ریان رکیلٹن کی شاندار سینچری جبکہ ٹیمبا باوما، راسی وین ڈیر ڈوسن اور مارکرم کی نصف سینچریوں کی بدولت 315 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ابتدا میں ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جنوبی افریقہ کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ پروٹیز کو پہلا نقصان صرف 28 رنز پر ہوا، جب ٹوبی ڈی زورزی 11 رنز بنانے کے بعد محمد نبی کی گیند پر کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد جنوبی افریقہ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بیٹر ریان رکیلٹن اور کپتان ٹیمبا باوما نے دوسری وکٹ کے لیے 129 رنز کے ساجھے داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان 58 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے، محمد نبی نے ان کا شکار کیا۔

دوسرے اینڈ پر اوپنر ریان رکیلٹن کریز پر موجود رہے اور 103 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ راسی وین ڈیر ڈوسن بھی 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

فضل حق فاروقی کی باؤلنگ پر رحمت شاہ نے بہترین کیچ لے کر ڈیوڈ ملر کی اننگز کا خاتمہ کیا، وہ صرف 14 رنز بنا سکے۔

ایڈن مارکرم 36 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ویان مولڈر نے 12 رنز بنائے، اس طرح پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ ہمیں خود پر اعتماد ہے، اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، پچ کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں لگاسکتے۔

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے، ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے بھی اچھی کرکٹ کھیلی ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی شروعات کرتے ہیں تو خوشی ہوگی، اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے، کوشش کریں گے کہ جلد وکٹیں لیں۔

واضح رہے کہ یہ گروپ بی کا پہلا میچ ہے۔ اس سے قبل گروپ اے کے دو میچز ہوچکے ہیں، پہلا میچ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ تھا جس میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی تھی جبکہ دوسرا میچ بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش تھا جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے مات دے دی تھی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

عمرایوب اورعلیمہ خان بھی جےآئی ٹی میں طلب

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے الزام میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے