
آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کا تیسرا میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا۔
کراچی کے نیشنل بینک ایرینا میں گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔
دونوں ٹیموں میں اب تک پانچ ون ڈے کھیلے گئے، تین جنوبی افریقا نے جیتے، دو میں افغانستان کی ٹیم نے میدان مارا۔
جنونی افریقا کے کپتان ٹیمبا باؤما نے کہا کہ افغانستان کے اسپنرز ہمارے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔
کراچی کی وکٹ بیٹرز کو فائدہ دے سکتی ہے، ہر میچ ہمارے لیے ناک آؤٹ کی طرح ہے۔ ہم 3 نہیں 5 میچ کھیلنے کے ارادے سے آئے ہیں۔
ادھر افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا ہے کہ ہم کسی دباؤ کا شکار نہیں، بڑے ٹورنامنٹ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کنڈیشن ہمارے لئے آئیڈیل ہیں۔ پاکستان میں افغانستان ٹیم کے چاہنے والے بہت ہیں، جب تماشائی سپورٹ کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔
واضح رہے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ آغاز کیا۔
بنگلادیش کی ٹیم آخری اوور میں 228 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے 229 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔