google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو بدترین شکست - UrduLead
بدھ , مارچ 12 2025

چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو بدترین شکست

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں پاکستان کی ٹیم 321 رنز کے تعاقب میں 260 رنز بنا  کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے خوشدل شال 69 اور بابر اعظم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سلمان آغا 42، فخر زمان 24، حارث رؤف 19، شاہین شاہ آفریدی 14، نسیم شاہ 13، سعود شکیل 6، کپتان محمد رضوان 3 اور طیب طاہر 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کیویز کی جانب سے وِل او رورکی اور کپتان مچل سینٹنر نے 3، 3 جبکہ میٹ ہینری نے 2 اور مائیکل بریسویل اور نیتھن اسمتھ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی

نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں ول یونگ اور ٹام لیتھم کی سینچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے 320 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا دھچکا فخرزمان کی صورت میں لگا جو فیلڈنگ کے دوران انجری کی وجہ سے میدان سے باہر چلےگئے تھے اور قانون کے مطابق ابتدائی 20 منٹ تک بیٹنگ نہیں کرسکتے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور انتہائی سست روی سے اسکور بورڈ کو آگے بڑھاتے رہے، فخرزمان کی غیر موجودگی میں سعود شکیل نے بابراعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

سعود شکیل 19 گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 14 گیندوں پر صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

بعد ازاں، فخرزمان بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور وہ 41 گیندوں پر صرف 24 رنز ہی بناسکے جس کے بعد سلمان علی آغا نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ 28 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے آغاز سے ہی سست بیٹنگ کرنے والے بابراعظم آؤٹ ہونے تک مشکل میں دکھائی دیے، انہوں نے نصف سنچری تو اسکور کی لیکن اپنی ٹیم کو مشکلات سے نہیں نکال سکے، وہ 90 گیندوں پر 71 کے اسٹرائیک ریٹ سے 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

خوشدل شاہ نے بھی میچ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، خوشدل نے 49 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔

اس سے قبل، قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اسپنر ابرار احمد نے دلائی اور 39 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنانے والے ڈیون کونوے کو کلین بولڈ کردیا۔

اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف ایک رن پر وکٹوں کے پیچھے کپتان رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکے پویلین بھیج دیا، ڈیرل مچل 10 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

ابتدائی 3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد کیوی بیٹنگ لائن سنبھل گئی، ول یونگ اور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ول یونگ ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں، ٹام لیتھم نے بھی اپنی شاندار سینچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، وہ 104 گیندوں پر 118 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

گلین فلپس نے بھی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 38 گیندوں پر 61 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 2،2 جب کہ محمد ابرار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ایس آئی ایف سی حکام کی آئی ایم ایف کے وفد کو بریفنگ

آئی ایم ایف حکام کی وزارتِ خزانہ اور ایس آئی ایف سی حکام سے ملاقات …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے