google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں ناکامی  - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں ناکامی 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے بارہویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 8 رنز سے ہرادیا۔

واضح رہے کہ یہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں ناکامی ہے اور وہ اب تک جیت کا مزہ چکھنے سے محروم ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے ہدف 212  رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز 6 وکٹوں پر 203 رنز بناسکی اور یوں اسے 8 رنز سے شکست کھانا پڑی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

زلمی کے اوپنر صائم ایوب نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 88 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

صائم ایوب کے ساتھ کپتان بابر اعظم نے 136 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، بابر اعظم 15ویں اوور میں 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے رومین پاول نے پشاور زلمی کے اسکور کو برق رفتاری سے آگے بڑھایا، انہوں نے 20 گیندوں پر 46 رنز کی تباہ کن اننگز کھیلی۔

آصف علی 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ محمد حارث 12 اور پال والٹر 2 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں، جہانداد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز نے  بیٹنگ شروع کی تو 17 رنز پر اسے پہلی وکٹ کا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 12 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قلندرز کو 5 ویں اوورز میں فخر زمان کی صورت میں اپنی دوسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، انہوں نے 8 گیندوں پر صرف 4 رنز بنائے۔

 اس کے بعد سنچری بنانے والے کھلاڑی رسی وینڈر ڈوسن کا ساتھ دینے کےلیے شے ہوپ آئے اور دونوں نے مل کر ٹیم کا اسکور 109 تک پہنچا دیا، اس وقت شے ہوپ 29 رنز بناکر پویلین کی جانب روانہ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احسن حفیظ تھے جو 164 کے مجموعے پر 17 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 3 چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹیم کا اسکور جب 196 پر پہنچا تو اس وقت لاہور قلندز کو جہانداد خان کی صورت میں پانچویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جو 3 چوکوں کی مدد سے 13 رنز بناکر آخری اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اگلی ہی گیند پر دوسرا رن بنانے کی کوشش میں سکندر رضا بھی رن آؤٹ ہوگئے انہوں نے صرف ایک رن بنایا۔

لاہور قلندرز کے وینڈر ڈوسن نے 104 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، تاہم اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے نوین الحق نے 4 اوورز میں 50 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیوک ووڈ، سلمان ارشاد اور پال والٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فاتح ٹیم پشاور زلمی کے بیٹر صائم ایوب کو عمدہ بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ بھی دیا گیا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ٹی 20 اسکواڈ کو نیا خون فراہم کرنے کیلئے بڑا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی …