
پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا، پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 2 بجے شروع ہو گا۔
کراچی کے نیشنل بینک ایرینا میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ دوسری اننگز میں یہاں اوس پڑتی ہے، فاسٹ بولر حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ پندرہ کے پندرہ کھلاڑی کپتان ہیں، جیت کے لیے نیوزی لینڈ سے اچھا کھیلنا ہوگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے بہترین کھلاڑی ہیں، اننگز وہی اوپن کریں گے۔
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ2017ء سے اب تک بہت کچھ بدل چکا ہے لیکن عزم وہی ہے، ہوم گراؤنڈ پر چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کو یادگار بنانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طویل عرصے بعد آئی سی سی ایونٹ ہو رہا ہے، ہر کوئی پُرجوش ہے، 2017ء کی بہترین یادوں میں فخر زمان کی سنچری، محمد عامر کا اسپیل اور میچ کے آخری لمحات ہیں۔
کراچی میں آج اور دیگر میچز کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا جبکہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں گاڑی پارک کریں گے۔

کارساز سے آنے والے شہری فلائی اوور کے نیچے سے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ پہنچیں گے۔ ہیوی ٹریفک سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10سے حسن اسکوائر جاسکے گی جبکہ پیپلز چورنگی سے آنے والی ہیوی ٹریفک یونیورسٹی روڈ جاسکے گی۔
کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل ”جیو سوپر“ سے ایونٹ کے تمام میچز براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔