google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 سہ فریقی سیریز: نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست - UrduLead
بدھ , مارچ 12 2025

سہ فریقی سیریز: نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست

سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ڈیبیو کرنے والے میتھیو بریزکے کے شاندار 150 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔

کیوی ٹیم نے سابق کپتان کین ولیمسن کی شاندار سنچری کی بدولت ایک اوور پہلے ہی مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اس دوران کین ولیمسن نے 133 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین 7 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔

کیوی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے ول یانگ 19 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم دوسرے اوپنر ڈیوون کانوے نے تجربہ کار کین ولیمسن کے ساتھ ملکر 187 رنز کی شراکت قائم کی جو میچ میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئے۔

ڈیوون کانووے بدقسمتی سے صرف 3 رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے، وہ 97 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

تاہم کین ولیمسن نے اپنی ذمہ دارانہ اننگز کو جاری رکھتے ہوئے کیریئر کی 14ویں سنچری اسکور کی، وہ 133 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

پروٹیز کی جانب سے سینوارن متھوسوامی نے 2 جب کہ جونیئر ڈالا اور ایتھن بوش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کی دعوت پر میتھیو بریزکے اور کپتان ٹیمبا باووما نے ٹیم کو 37 رنز کا آغاز فراہم کیا، جس کے باووما کی اننگز 20 کے انفرادی اسکور پر اختتام پذیر ہوئی۔

جیسن اسمتھ نے بریزکے کے ساتھ 93 رنز کی قیمتی شراکت قائم اور اس کے پہلے کے یہ شراکت کیویز کے زیادہ مشکلات کھڑی کرتی، اسمتھ 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

پروٹیز کی تیسری وکٹ صرف 2 رنز کے اضافے سے گری اور کائل ویرینے محض ایک رن بنا کر مائیکل بریس ویل کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد میتھیو بریزکے اور ویان مُلڈر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس دوران بریزکے اپنے شاندار 150 رنز مکمل کیے، جس کے بعد وہ میٹ ہنری کا شکار بن گئے۔

ان کی اننگز نے ناصرف ٹیم کی بڑے اسکور تک رسائی کی راہ ہموار کی بلکہ وہ ڈیبیو میچ میں 150 رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بھی بن گئے۔

دوسری جانب ویان ملڈر نے بھی قیمتی 64 رنز اسکور کیے۔ یوں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 304 رنز بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور ول اورورکے نے 2، 2 جبکہ مائیکل بریس ویل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ پچ پر تھوڑی گھاس موجود ہے لیکن اس کے باوجود اس پر دوبارہ 300 رنز بن سکتے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے اور امید کرتے کہ ابتدائی اوورز میں بال سوئنگ کرے گی۔

آج کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور راچن رویندرا کی جگہ ڈیوون کانوے کو ٹیم میں شامل کیا ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے چار کھلاڑی میتھیو بریزکے، میہلالی پونگوانا، سینوران مُتھوسوامی اور ایتھن بوش ڈیبیو کر رہے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

عمرایوب اورعلیمہ خان بھی جےآئی ٹی میں طلب

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے الزام میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) …