
برطانیہ کیلئے پاکستانی ایئر لائنز کی پروازوں کی بحالی کے معاملے پر برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی 7 رکنی ٹیم آڈٹ کےلیے آج رات پاکستان پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم کل سے پاکستان سول ایوی ایشن کا آڈٹ شروع کرے گی۔
برطانوی ٹیم لائسنسنگ، ایئر وردی نیس (طیاروں کے محفوظ پروازوں کی جانچ)، فلائٹ اسٹینڈرڈ سمیت دیگر شعبہ جات کی جانچ کرے گی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نادر شفیع ڈار کی زیر صدارت پاکستانی ٹیم برطانوی حکام کو بریفنگ دے گی۔
27 جنوری تا 6 فروری برطانوی ٹیم پاکستان سی اے اے کا آڈٹ کرے گی۔
آڈٹ میں کامیابی پر تمام پاکستانی ایئر لائنز پر 2020 سے لگی پابندی ختم ہوجائے گی۔
پاکستان سول ایوی ایشن کے حکام نے برطانوی ٹیم کے آڈٹ کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
سول ایوی ایشن ملازمین کو چھٹی کے روز بھی لازمی دفتر میں آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے پاکستانی ایئر لائنز کو مارچ میں برطانیہ کیلئے بھی پروازوں کی اجازت مل جائے گی۔