google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 چینی ٹیک فرم کا برطانیہ اور پاکستان سمیت کئی ممالک کا ڈیٹا ہیک کرنے کا دعوی:بی بی سی - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

چینی ٹیک فرم کا برطانیہ اور پاکستان سمیت کئی ممالک کا ڈیٹا ہیک کرنے کا دعوی:بی بی سی

ایک چینی سائبر سکیورٹی فرم نے دعوی کیا ہے کہ وہ برطانیہ کے دفتر خارجہ کے نظام کو ہیک کر سکتی ہے۔

لیک ہونے والی دستاویزات کے مطابق برطانیہ کی سرکاری ایجنسیاں، تھنک ٹینکس، کاروبار اور خیراتی ادارے بھی ائی سون i-Soon کے لیک ہونے والے ڈیٹا میں نظر آتے ہیں۔

دیگر دستاویزات ایشیا(بشمول پاکستان)اور یورپ میں عوامی اداروں اور کاروباروں کی کامیاب ہیکنگ کا پتا دیتی ہیں، لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا ان میں سے کسی کے ڈیٹا تک رسائی ممکن ہو پائی تھی یا نہیں۔

ان دستاویزات کو لیک کرنے والے کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

برطانیہ میں چین کے سفارت خانے کا کہنا ہے کہ وہ اس لیک سے لاعلم ہیں اور یہ کہ چین ہر قسم کے سائبر حملوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

تاہم اے پی نیوز ایجنسی کے مطابق، چینی پولیس اور آی سوون i-Soon مبینہ طور پر اس ڈیٹا ڈمپ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

بی بی سی نے برطانوی حکومت اور پاکستانی دفترِ خارجہ سے بھی تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے تاہم ابھی جواب موصول نہیں ہوئے۔

i-Soon ان بہت سی نجی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو چین کی فوج، پولیس اور سکیورٹی سروسز کے لیے سائبر سکیورٹی خدمات فراہم کرتی ہیں۔

اس کمپنی کے شنگھائی ہیڈ کوارٹر میں 25 سے بھی کم ملازمین ہیں۔

16 فروری کو گِٹ ہب GitHub – ایک آن لائن ڈویلپر پلیٹ فارم پر 577 دستاویزات اور چیٹ لاگز کا مجموعہ لیک کیا گیا تھا۔

تین سکیورٹی محققین نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ لیک حقیقی معلوم ہوتی ہیں۔

لیک کی گئی دستاویزات کے مطابق i-Soon آٹھ سال سے برطانیہ، فرانس اور کئی ایشیائی ممالک – بشمول تائیوان، پاکستان، ملائیشیا اور سنگاپور میں سسٹمز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ایسے ہی ایک معاملے میں جنوب مغربی چین میں ایک سرکاری تنظیم نے ویتنامی ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے تقریبا پندرہ ہزار ڈالر (11900 پانڈ) ادا کیے۔

ایک اور معاملے میں X (سابقہ ٹویٹر) پر ڈس انفارمیشن مہم چلانے والے سافٹ ویئر کی قیمت ایک لاکھ ڈالر (79 ہزار پانڈ) تھی۔

باس لو اور ایک اور نامعلوم صارف کے درمیان ایک نامعلوم تاریخ کو ہوئی چیٹ لاگ کے مطابق، برطانیہ کے دفتر خارجہ کو i-Soon کے لیے ایک ترجیحی ہدف قرار دیا گیا ہے۔

نامعلوم صارف نے کہا کہ انھیں دفتر خارجہ کے سافٹ ویئر کی کمزوری کا علم ہے۔ تاہم باس لو نے کہا کہ آپ کوئی اور تنظیم ڈھونڈیں کیونکہ اس کام کا ٹھیکہ ایک حریف کو دے دیا گیا ہے۔

ایک اور چیٹ لاگ میں ایک صارف برطانیہ کے اہداف کی ایک فہرست i-Soon کو بھیجتا ہے جس میں برٹش ٹریژری، چیتھم ہاس اور ایمنسٹی انٹرنیشنل شامل ہیں۔

جسے یہ فہرست بھیجی گئی اس کا جواب آتا ہے کہ فی الحال ہمارے پاس ان کا اپ ڈیٹڈ ڈیٹا نہیں ہیں لیکن ہم اس پر کام کر سکتے ہیں۔

اس کے بعد یہ دونوں کسی ایسے کام سے متعلق جس کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں، اپنے کلائنٹ سے دوبارہ سے ادائیگی کے متعلق بات کرتے نظر آتے ہیں۔

ایک اور چیٹ لاگ میں i-Soon کا عملہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کے کیے گئے معاہدوں پر بات کرتا نظر آتا ہے۔

مینڈیئنٹ انٹیلی جنس کے چیف تجزیہ کار جان ہلٹکوسٹ کا کہنا ہے کہ یہ لیک تجارتی سطح پر چلائے جانے والے ایک ہائی سٹیک انٹیلیجنس آپریشن کی اندورنی کہانی سناتی ہے۔

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کانٹریکٹر کس طرح ایک ہی وقت میں صرف ایک نہیں بلکہ متعدد ایجنسیوں کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیٹا لیک ہونے کے پیچھے بہت سے محرکات ہو سکتے ہیں۔

اس لیک کے پیچھے ایک ناراض سابق ملازم، کوئی غیر ملکی انٹیلیجنس ایجنسی، یا کسی حریف کی جانب سے آئی سن کی عوامی ساکھ کو کمزور کرنے کی کوشش بھی ہو سکتی ہے۔

چین کی سائبر جاسوسی مہمات کے بارے میں بڑے پیمانے پر رپورٹ کیا گیا ہے، لیکن یہ لیک اس کام میں نجی شعبوں کی شمولیت کا بھی پتا دیتی ہے۔

ایٹلانٹک کونسل کے گلوبل چائنا ہب میں نان ریذیڈنٹ فیلو ڈکوٹا کیری کا کہنا ہیکہ چینی حکام اس معاملے کی تحقیقات کے نتائج کو عام کریں، ایسا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا: پی ٹی اے کا دعویٰ

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے سال 2024 کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے …