ماہر موسمیات دانش بیگ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اسلام آباد سمیت ملک بھر پر بدترین اثرات مرتب ہورہے ہیں، خاص طور پر دسمبر میں بارش نہ ہونے سے پانی کے ذخائر میں کمی کا خطرہ ہوتا ہے۔
پروگرام ’نیوز وائز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر موسمیات دانش بیگ کا کہنا تھا کہ دسمبر میں بارشیں نہ ہونے سے خشک سردی بڑھ رہی ہے جس سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں اور خاص طور پر وائرل انفیکشن کا دورانیہ بھی طویل ہوتا جارہا ہے۔
اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں موسم سرما میں بارشیں کیوں نہیں ہورہی؟ اس سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی ڈیٹا کے مطابق جو تقریباً گزشتہ 60 سالوں پر محیط ہے،
ماضی میں دسمبر کے آغاز پر ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا تھا اور پنجاب میں اکثر ہفتہ وار یعنی ایک جمعرات سے دوسرے جمعرات تک وقفے وقفے سے چلتا رہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ اسلام آباد اور پوٹھوہار جیسے علاقوں میں ہفتے میں 4 دن بارش ہوتی تھیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے باعث بارشوں کے اسپیل میں کمی دیکھی گئی یعنی اسلام آباد اور پوٹھوہار میں جہاں 4 دن بارش ہوتی تھی وہ ایک دن پر آگئی اور اس سال تو ایک دن بھی بارش نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سردیوں کے سسٹم زیادہ تر ترکیہ کے علاقوں سے آتے ہیں لیکن بارشیں برساتے برساتے جیسے ہی یہ سسٹم ایران اور افغانستان میں پہنچتے ہیں ان میں نمی کی مقدار ختم ہوجاتی ہے۔
دانش بیگ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی ایک اور مثال یہ بھی ہے کہ اسلام آباد سے یہ خشک بادل جب لاہور جاتے ہیں تو وہاں بے آف بنگال، بھارتی پنجاب، لاہور اور ہریانہ والی طرف پہنچ کر دوبارہ سے چارج ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے بارشوں پر اثر پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بارشیں ہوتی تھیں تو مری اور گلیات میں برف باری بھی ہوتی تھی لیکن آہستہ آہستہ یہ سلسلہ جنوری میں آگیا جس کا منفی اثر یہ پڑے گا کہ دسمبر میں بارش اور برفباری زیادہ ہو تو برف مستحکم ہوجاتی ہے لیکن جنوری اور فروری میں چونکہ درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اس لیے برف اس طرح مستحکم نہیں ہوتی جس کی وجہ سے اگلے سال دریاؤں میں پانی بھی کم آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اسموگ بڑھنے کی اہم وجہ بھی یہی ہے کہ دسمبر کی بارشیں کم ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے لاہور اور اسلام آباد میں اسموگ بڑھتی جارہی ہے جب کہ خاص طور پر پنجاب میں ذراعت کا زیادہ تر انحصار بارشوں پر ہوتا ہے، دسمبر کی بارش نہیں ہوگی تو نقصان ہوگا اور گندم کی فصل بھی کم ہوگی۔