وفاقی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایک سیاسی جماعت کے حالیہ احتجاج کی وجہ سے ملک کو 190 ارب روپے یومیہ کا نقصان ہوا ۔
سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے اسلام آباد میں ایک سیاسی جماعت کے حالیہ احتجاج کی وجہ سے جی ڈی پی کو ہونے والے نقصانات کے حوالے سے تخمینہ پیش کردیا گیا
اور بتایا گیا کہ احتجاج کی وجہ سے ملک کو 190 ارب روپے یومیہ کا نقصان ہوا ۔
ایوان کو بتایا گیا کہ احتجاج کے اقتصادی نقصانات اور اخراجات کا اندازہ لگانا پیچیدہ عمل ہے اور اس بارے میں حتمی سرکاری مطالعہ یا ڈیٹا شائع نہیں کیا گیا۔
معاشی نقصان میں ویلو ایڈیشن نہ ہونے کی وجہ سے 144 ارب روپے کا برآمدات کا اور 26 ارب روپے ایف بی آر ٹیکس وصولی نہ ہونے کی وجہ سے نقصان ہوا۔
آئی ٹی برآمدات نہ ہونے کے باعث ایک ارب 70 کروڑ روپے اور ایف ڈی آئی کی آمد میں 3 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
وزارت خزانہ کے مطابق میکرو اکنامک استحکام کمزور ہوا جبکہ کاروباری برداری اور صارفین کے مابین اعتماد بھی متاثر ہوا۔