انجرڈ اوپنر صائم ایوب کو چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
انجرڈ اوپنر صائم ایوب گزشتہ روز کیپ ٹاؤن سے لندن پہنچے جہاں پر ان کی اسپورٹس آرتھوپیڈک ڈاکٹرز کے ساتھ ملاقات طے تھی،
صائم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے ابتدائی روز فیلڈنگ کے دوران ٹخنے کی انجری میں مبتلا ہوگئے تھے۔
بعد ازاں ان کی ہڈی فریکچر ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس کی وجہ سے کم سے کم وہ 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوچکے ہیں۔
اس کے باوجود سلیکٹرز کی جانب سے صائم کو آئندہ ماہ 19 تاریخ سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر غور کررہے ہیں،
اگر وہ فل فٹنس حاصل نہیں بھی کرپائے تو پاکستان ٹورنامنٹ ٹیکنیکل کمیٹی کو درخواست دے کر ان کی جگہ کسی دوسرے کرکٹر کو اسکواڈ میں شامل کر سکتا ہے۔
11 فروری تک تو ٹیمیں آئی سی سی کی منظوری کے بغیر بھی اپنے اسکواڈ میں ردوبدل کرسکتی ہیں تاہم 12 فروری کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری لینا ہوگی۔