پاکستان میں بھی سال 2025 کا آغاز ہوگیا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں منچلوں نے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی نئے سال کی آمد پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا، چھوٹے بڑے شہروں میں آتش بازی کی گئی۔
میوزیکل شو، ہلا گلا، شور شرابا، ہر شہری خوشی خوشی نئے سال کو خوش آمدید کہا، اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
12 بجتے ہی سارا کراچی خوشی سے دیوانہ ہوگیا، جو جہاں تھا وہیں جشن میں مگن ہوگیا جبکہ گاڑیوں میں سوار افراد ہارن سے خوشی کا اظہار کرنے لگے۔
آتش بازی کے رنگ دیکھنے کےلیے نظریں آسمان پر جم گئیں۔ کراچی کے ساحل سی ویو پر نئے سال کا جشن منایا گیا۔
منچلوں نے قافلوں کی صورت میں سی ویو کا رخ کیا۔ نوجوان جم کر نئے سال کا جشن منایا۔
شہر بھر سے منچلے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر سی ویو پہنچے جبکہ سی ویو پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
کراچی کی طرح لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور اور ملک کے دیگر شہریوں میں سال نو کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔
لاہور میں نئے سال کی آمد پر بھرپور جشن کا سماں بندھ گیا، خوب گہما گہمی لگ گئی، یوں محسوس ہونے لگا جیسے سارا شہر گھروں سے باہر امڈ آیا ہو۔
جنگ بھی اپنے تمام قارئین کو سال نو کی مبارکباد دیتا ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے کہ پورا سال انکے لیے خوشیوں سے بھرا رہے۔