مری میں پھر برفباری سے سیاحوں کا رش لگ گیا
بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسکردو شہر میں دو انچ اور بالائی علاقوں میں ڈھائی فٹ تک برفباری ہوئی ہے،
غذر میں منفی پندرہ ڈگری کی سردی سے آبشار اور جھیلیں منجمد ہوگئیں، مری میں پھر برفباری سے سیاحوں کا رش لگ گیا۔
سکردو میں دو انچ تک برفباری ہوئی اور درجہ حرارت منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
غذر سرد ترین مقام رہا، جہاں پارہ منفی پندرہ ڈگری تک گرگیا اور سردی سے آبشار اور جھیلیں جم گئیں۔
ملکہ کوہسار مری میں برف کی سفید چادر بچھ گئی اور سیاحوں نے ڈیرے ڈال لیے۔
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم دلکش ہوگیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق، لیہہ میں منفی آٹھ، قلات منفی سات، کوئٹہ، زیارت اور ہنزہ میں منفی چھ، کالام اور بگروٹ میں درجہ حرارت منفی پانچ پر آگیا۔
کراچی میں بھی جاڑے نے دھوم مچادی، شہری ٹھٹھر گئے، گزشتہ شب رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی،
اور کم سے کم درجہ حرارت سات ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور شدت چھ ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ بھرمیں موسم سرد رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔
پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔