اکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کے روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1200 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 216 پوائنٹس یا 1.08 فیصد کی کمی سے دوپہر 1 بج کر 16 منٹ پر ایک لاکھ 12 ہزار 963 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا، جو جمعرات کو ایک لاکھ 14 ہزار 180 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ، اویس اشرف نے کہا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس دباؤ میں ہے کیونکہ کمرشل بینکوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشیو (اے ڈی آر) کی تعریف میں تبدیلی یا کارپوریٹ ٹیکس کی شرحوں میں براہ راست اضافہ اور زیادہ ٹیکسوں کی توقعات ہیں۔
تاہم اویس اشرف کا کہنا ہے کہ فرٹیلائزر، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) سیکٹرز کی کارکردگی برقرار ہے، اسی وجہ سے کے ایس ای 100 انڈیکس کو سہارا ملا ہے۔
چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے کہا کہ مارکیٹ بڑی تیزی کے بعد ’آرام‘ کررہی ہے، اصلاحات معمول کی بات ہیں اور ریٹیل سرمایہ کاروں کو قلیل المدتی اتار چڑھاؤ کو نظر انداز کرنا چاہیے اور طویل مدت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل پی ایس ایکس میں حصص کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا، جسے ایک تجزیہ کار نے اب تک کی تیسری بلند ترین سطح قرار دیا تھا۔
گزشتہ ڈیڑھ سال کے عرصے میں بینچ مارک، کے ایس ای 100 انڈیکس 40 ہزار پوائنٹس کی سطح سے ایک لاکھ 12 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر چکا ہے، جو 180 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔