صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی الیکشن کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے لکھا کہ مشکلات کے باجود ووٹرز بالخصوص خواتین اور نوجوان بڑی تعداد میں باہر نکلے۔ عوام نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ووٹ دیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ماضی کی تلخیاں دورکرنے کیلئے حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے۔ ہمیں دنیا کو پاکستان کا خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عوام کے اس عظیم مینڈیٹ کو کھلےدل سے تسلیم کرنا ضروری ہے، تمام لوگ متحد ہو کر مکی تعمیر نو کا کام شروع کریں۔
جمعرات 8 فروری کو پاکستان کے کروڑوں شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملک کی قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں اپنے اپنے نمائندگان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی اور تقریباً 3 دن بعد قومی اسمبلی کے تمام نتائج مکمل ہوگئے۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 میں سے 264 سیٹوں کا نتیجہ آچکا۔ اب تک کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 101 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے 101 آزاد امیدواروں میں 92 تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار ہیں جبکہ 9 جنرل آزاد امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ ن 75نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے 54 نشستوں پر میدان مارا ہے۔