پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا مقبول ڈرامہ ’مٹی دے باوے‘ ان دنوں اپنی دلچسپ کہانی، سنسنی خیز واقعات اور غیر متوقع موڑ کے باعث ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جبکہ ماہرہ خان کی جانب سے بلو کے کردار میں شاندار اداکاری کو بھی سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
ڈرامے کی تازہ کہانی میں بلو نے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے اور اقتدار و دولت حاصل کرنے کے لیے پیر صاحب سے شادی کا فیصلہ کیا، تاہم جب اسے محسوس ہوا کہ پیر صاحب اس کی حقیقت جان سکتے ہیں تو اس نے انہیں راستے سے ہٹانے کی سازش کی۔
کہانی کے مطابق بلو نے پیر صاحب سے ان کی پوری جائیداد اپنے نام منتقل کرنے کے کاغذات پر دستخط بھی کروا لیے اور بالآخر انہیں قتل کرکے خود علاقے کی بڑی سرکار بن گئی۔ اس پیش رفت کے بعد بلو کا کردار مزید طاقتور ہوگیا ہے اور اب اس کے خلاف کھڑا ہونا کسی کے لیے آسان دکھائی نہیں دیتا۔
ماہرہ خان خان کی اداکاری نے مداحوں کو متاثر کردیا
ماہرہ خان نے بلو کے کردار میں اقتدار کی خواہش، چالاکی، سازش اور بے رحمی کو جس انداز میں پیش کیا ہے، اسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
پیر صاحب کو راستے سے ہٹانے اور ان کی جائیداد حاصل کرنے کے بعد بلو کی نئی حیثیت نے ناظرین کے درمیان خاصی دلچسپی پیدا کردی ہے۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ اگر پیر صاحب بلو سے شادی نہ کرتے تو شاید مزید تین چار سال زندہ رہ لیتے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’’بلو نے پیر صاحب کو روشن اشارے دکھا دیے‘‘، جبکہ دوسرے نے تبصرہ کیا کہ ’’وہ بلو سے شادی نہ کرتے تو مزید تین چار سال زندہ رہ سکتے تھے۔‘‘
ایک اور صارف نے بلو کی چالاکی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’واہ، بلو نے پیر صاحب کو ٹھکانے لگا دیا۔‘‘
بالا کے قتل کی وائرل ویڈیو، قاتل کون ہوگا؟
دوسری جانب ڈرامے کی آنے والی اقساط سے متعلق ایک مبینہ وائرل کلپ نے ناظرین کے درمیان نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس کلپ میں ایک نامعلوم نوجوان کو بالا پر فائرنگ کرتے ہوئے دکھائے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ناظرین یہ اندازے لگا رہے ہیں کہ بالا کا قتل کون کرے گا۔
کئی صارفین کا خیال ہے کہ قمرالنسا کا بیٹا قادر اپنے خاندان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بدلہ لینے کے لیے بالا کو قتل کرسکتا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’’قمرالنسا کا بیٹا قادر بالا کو نقصان پہنچائے گا‘‘، جبکہ ایک اور نے یقین ظاہر کیا کہ بالا کو قتل کرنے والا قادر ہی ہوگا۔
تاہم بعض ناظرین کے مطابق بلو کا بڑا بیٹا اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے بالا پر گولی چلا سکتا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’بلو کا بڑا بیٹا بالا کو گولی مارے گا۔‘‘
کچھ مداحوں نے بالا کے قتل میں بلو کے کسی خاص ملازم یا ذاتی خدمت گار کے ملوث ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا، جبکہ ایک اور رائے کے مطابق فجا کا بیٹا بالا سے اپنے والد کے قتل کا بدلہ لے سکتا ہے۔
اس کے برعکس بعض ناظرین کا خیال ہے کہ بلو اپنے بچوں کو کسی بھی صورت قتل و غارت کی اس لڑائی میں شامل نہیں ہونے دے گی۔
مٹی دے باوے کی مقبولیت میں اضافہ
گرین انٹرٹینمنٹ سے نشر ہونے والے ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ کی ہدایت کاری سید وجاہت حسین نے کی ہے، جبکہ اس کی کہانی فائزہ افتخار نے تحریر کی ہے۔ ڈرامے کی پروڈکشن تہریم چوہدری اور نینا کاشف نے کی ہے۔
ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں ماہرا خان، وہاج علی، امر خان، جنید خان اور سید رمبو سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
ڈرامہ اپنی منفرد کہانی، مضبوط کرداروں اور مسلسل بدلتی صورتحال کے باعث ناظرین میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ خصوصاً بلو کے کردار میں ماہرا خان کی اداکاری اور بالا کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے سوشل میڈیا پر مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔
تاہم بالا کا اصل قاتل کون ہوگا اور بلو کی حاصل کردہ طاقت کب تک برقرار رہے گی، اس کا جواب آنے والی اقساط میں سامنے آئے گا۔