ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے والی مغربی ہواؤں کی لہر کے زیر اثر مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں بھی آج دوپہر سے رات تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ موسمی نظام 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرے گا اور بالائی علاقوں میں 14 نومبر کی صبح تک وقفے وقفے سے اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 10 نومبر کی شام اور رات سے 14 نومبر کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، خیبر، کرم، اورکزئی، ہنگو، بنوں، لکی مروت، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن، مری اور گردونواح میں آج رات ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ 12 اور 13 نومبر کو بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس دوران مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

12 نومبر کو ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 10 سے 14 نومبر کی دوپہر تک وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

بلوچستان میں بھی بارش کا امکان

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں 11 نومبر کی رات اور 12 نومبر کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

کسانوں کو فصلوں کے حوالے سے احتیاط کی ہدایت

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارشوں کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں اور فصلوں کی دیکھ بھال کا انتظام کریں۔

موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق بارشوں کے دوران بلند پہاڑوں اور گلیشیئرز پر ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد میدانی علاقوں میں مختلف مقامات پر دھند چھانے کا امکان ہے، جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔