پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کی کامیابی میں فاسٹ بولر رضوان اللہ نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مسقط کے علاقے العامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31.4 اوورز میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر رضوان اللہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 30 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد صیام نے 29 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اوپننگ بیٹر عبداللہ المہی 45 گیندوں پر 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، تاہم دیگر بیٹرز پاکستانی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے۔

پاکستان کی 9 وکٹوں سے شاندار فتح

139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔

اوپننگ بیٹر ہیام خان نے 72 گیندوں پر 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ دوسرے اوپنر عثمان خان نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔

پاکستان ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے فائنل تک رسائی کا سفر ناقابل شکست رہتے ہوئے مکمل کیا ہے۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات، بھارت اور نیپال کو شکست دی تھی، جبکہ سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد ہرا دیا۔

پاکستان اب فائنل میں بھارت یا افغانستان کا سامنا کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا سیمی فائنل جاری ہے، جبکہ ایونٹ کا فائنل ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

رضوان اللہ کو شاندار بولنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔