انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر 2026 کے لیے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نامزدگیوں کے مطابق مردوں کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے پاکستان کے عرفات منہاس، جنوبی افریقا کے مارکو جانسن اور ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ کو امیدوار قرار دیا گیا ہے۔
تینوں کھلاڑیوں کو اکتوبر کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر نامزد کیا گیا ہے۔
پاکستانی کرکٹ شائقین کی توجہ خاص طور پر عرفات منہاس کی نامزدگی پر مرکوز ہے، جو اس اعزاز کے حصول کے لیے دو دیگر بین الاقوامی کرکٹرز کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے بھی تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔
خواتین کی کیٹیگری میں بھارت کی دیپتی شرما، بنگلہ دیش کی شوبھنا موستری اور آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق خواتین کھلاڑیوں کی نامزدگی بھی اکتوبر کے مہینے میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے ذریعے ہر ماہ بین الاقوامی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔