وفاقی کابینہ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دیرینہ مطالبے پر شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی قومی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت چینی کی برآمد پر سرکاری سبسڈی ختم، بین الصوبائی نقل و حرکت آزاد اور گنے کی قیمتوں سمیت چینی کی پیداوار و فروخت کو مارکیٹ کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے قریبی خاندان کے شوگر کاروبار سے وابستگی کے باعث شوگر سیکٹر سے متعلق فیصلوں میں حصہ نہیں لیا۔
کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ’نیشنل پالیسی فار ڈی ریگولیشن آف شوگر سیکٹر‘ کی منظوری دی۔ یہ پالیسی آئی ایم ایف کے اس اسٹرکچرل بینچ مارک کا حصہ ہے جس کی تکمیل کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر تھی۔ پاکستان جون سے اس شرط پر عمل درآمد میں تاخیر کا شکار تھا، جبکہ منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے ضروری تھی۔ بورڈ کا اجلاس اب 11 دسمبر کو متوقع ہے۔
حکومت نے پالیسی کی منظوری سے قبل جمعہ کو 4 لاکھ ٹن سے زائد چینی برآمد کرنے کی اجازت بھی دی تھی، جبکہ چند ماہ پہلے 2 لاکھ ٹن چینی برآمد کی جا چکی تھی۔ اس طرح برآمدات کی اجازت کے باوجود ملک میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے تحفظ کا سوال اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
سندھ کی مخالفت اور پالیسی میں تاخیر
شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن پالیسی پر صوبوں کے درمیان اختلافات کے باعث منظوری کا عمل طویل عرصے تک تعطل کا شکار رہا۔ تین صوبوں نے مسودے سے اتفاق کیا تھا، تاہم سندھ حکومت کی مخالفت فیصلہ سازی میں رکاوٹ بنی رہی۔
ذرائع کے مطابق پس پردہ مذاکرات کے بعد سندھ حکومت نے 21 نومبر کو بعض ترامیم کے ساتھ پالیسی کی منظوری دی، جس کے بعد وفاقی کابینہ کے لیے حتمی فیصلہ ممکن ہوا۔
پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لیے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی سربراہی میں قائم وزارتی کمیٹی نے کام کیا۔ کمیٹی میں وزرائے خزانہ، قومی غذائی تحفظ اور اقتصادی امور، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت، چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز، صوبائی چیف سیکریٹریز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل تھے۔
گنے کی قیمت اور چینی کی فروخت حکومت کے کنٹرول سے باہر
نئی پالیسی کے تحت حکومت گنے کی قیمت مقرر نہیں کرے گی بلکہ اس کا تعین مارکیٹ کے عوامل کریں گے۔ کاشتکاروں کو اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کی آزادی ہوگی، جبکہ شوگر ملیں بھی اپنی پیداوار کی فروخت اور خام مال کے حصول کے بارے میں مارکیٹ کی بنیاد پر فیصلے کر سکیں گی۔
گنے کی کاشت کے علاقوں اور اقسام پر پابندیاں ختم کی جائیں گی، تاہم ممنوعہ اقسام کی ایک فہرست برقرار رکھی جائے گی۔
پروسیسنگ کے مرحلے پر نئی شوگر ملوں کے قیام اور موجودہ ملوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے حکومتی پابندیاں ختم کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح چینی کی قیمتوں پر سرکاری کنٹرول بھی ختم ہو جائے گا۔
چینی کی درآمد و برآمد کے لیے ایک قابل پیش گوئی نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ برآمدی سبسڈی مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبوں کے درمیان چینی کی نقل و حرکت پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
کسانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات
ڈی ریگولیشن کے باوجود پالیسی میں کسانوں کے لیے بعض حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں وزن کرنے والے کانٹوں کی تیسرے فریق سے تصدیق، گنے میں مٹھاس کی مقدار جانچنے کا نظام اور شوگر ملوں کی جانب سے گنے کی ادائیگی میں تاخیر پر سود کی ادائیگی شامل ہے۔
گنے پر عائد سیس کو تحقیق اور ترقی کے مؤثر استعمال کے لیے مختص کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ کسانوں اور مل مالکان کو آسان قرضوں کی فراہمی اور زرعی مشینری کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومت چینی کے بفر اسٹاک برقرار رکھنے کا اختیار اپنے پاس رکھے گی، جبکہ گنے کی فصل، چینی کی پیداوار اور مارکیٹ میں دستیابی سے متعلق بروقت معلومات حاصل کرنے کے لیے نظام بھی قائم کیا جائے گا۔
ڈی ریگولیشن کے بعد قیمتوں کا اصل امتحان
شوگر سیکٹر کو مارکیٹ کے حوالے کرنے کا مقصد حکومتی مداخلت کم کرنا اور مسابقت کو فروغ دینا ہے، تاہم اس پالیسی کے اثرات کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ مارکیٹ میں حقیقی مقابلہ کس حد تک قائم ہوتا ہے۔
پاکستان میں شوگر سیکٹر طویل عرصے سے قیمتوں، پیداوار، برآمدات اور ملوں کے اثر و رسوخ کے حوالے سے تنازعات کا شکار رہا ہے۔ ایسے میں حکومتی قیمتوں کے کنٹرول کا خاتمہ صارفین کے لیے چینی سستی ہونے کی ضمانت نہیں دیتا۔
اگر چند بڑے گروپس مارکیٹ پر اپنا اثر برقرار رکھتے ہیں تو ڈی ریگولیشن کے باوجود قیمتوں میں اضافے یا مصنوعی قلت کے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب گنے کی قیمت مارکیٹ کے حوالے کرنے سے کسانوں کو مناسب معاوضہ ملنے کا انحصار بھی خریداروں کے درمیان مسابقت پر ہوگا۔
پالیسی میں ایتھنول کی ملاوٹ کو لازمی بنانے اور منصفانہ و مسابقتی مارکیٹ کے قیام کی سمت کام کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم اس کے لیے مؤثر نگرانی، شفاف معلومات اور کسانوں و صارفین کے حقوق کے تحفظ کا نظام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
آئی ایم ایف کی شرط پوری ہونے کے بعد اب اصل امتحان پالیسی پر عمل درآمد اور اس کے نتائج ہوں گے، کیونکہ حکومتی کنٹرول ختم کرنے سے پہلے مارکیٹ میں مسابقت یقینی بنانا ضروری ہے۔